بھوپال : بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک شوہر نے بیوی کے کہنے پر اپنی جنس تبدیل کرائی اور لڑکی بن گیا، اب اس کی بیوی نے اس سے طلاق مانگ لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھوپال کے رہنے والے لڑکا لڑکی کالج کے زمانے سے ہی ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے۔ کالج ختم ہونے کے بعد دونوں نے بھاگ کر شادی کی اور دلی آگئے جہاں دونوں ہی اچھی نوکریاں کرنے لگے۔ایک دن شوہر کی اپنے دفتر میں ایک ایسی لڑکی سے ملاقات ہوئی جو پہلے لڑکا تھی لیکن اس نے جنس تبدیل کروا رکھی تھی۔ شوہر نے اس لڑکی کو اپنی بیوی سے بھی ملوایا ۔
شوہر اپنی بیوی سے بے انتہا محبت کرتا اور اس کا بہت زیادہ خیال رکھتا تھا، یہاں تک کہ بار بار فون کرکے اس کی خیریت دریافت کرتا رہتا تھا۔ دفتر والی لڑکی سے ملاقات کے بعد ایک دن بیوی نے مذاق میں اپنے شوہر سے کہا کہ تم میرا ایک عورت کی طرح خیال رکھتے ہو، اس لیے تمہیں اپنی جنس تبدیل کرالینی چاہیے۔
مذاق میں کہی گئی اس بات کو شوہر نے زیادہ ہی سیریس لے لیا اور دونوں میاں بیوی ڈاکٹر کے پاس پہنچ گئے جس نے تقریباً ایک سال کے علاج کے بعد شوہر کو لڑکی میں تبدیل کردیا۔ جب وہ مکمل طور پر لڑکی بن گیا تو اس کی بیوی نے اس سے طلاق مانگ لی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ شوہر نہ تو اسے بچہ دے سکتا ہے اور نہ ہی ازدواجی خوشی، اس لیے وہ مزید اس کے ساتھ نہیں رہ سکتی۔ مذاق میں اپنی زندگی تباہ کرنے والے اس جوڑے کی گزشتہ 8 ماہ سے مسلسل کاؤنسلنگ کی جا رہی ہے لیکن تصفیے کی صورت نظر نہیں آتی۔