کراچی سے لاپتہ ہونے والی 14 سالہ لڑکی دعا زہرہ لاہور سے مل گئی جس نے وہاں شادی کرلی ہے۔
دعا زہرہ کراچی کے علاقے الفلاح گولڈن ٹاؤن سے 16 اپریل کو لاپتہ ہوگئی تھی۔ کراچی پولیس نے دعا زہرہ کا پتہ لگالیا ہے جو اس وقت لاہور میں موجود ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دعا نے لاہورمیں نکاح کرلیا ہے۔
کراچی پولیس دعا زہرہ کے معاملے پر لاہور پولیس سے رابطے میں ہے جس نے دعا کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اسے جلد لاہور سے کراچی منتقل کیا جائیگا۔
اس کیس میں کئی جھول سامنے آئے۔ دعا زہرہ کے والدین نے کہا کہ ان کی بیٹی ساتویں جماعت کی طالبہ ہے لیکن تھانے کے ایس ایچ او سب انسپکٹر بدر شکیل نے اپنی پروگریس رپورٹ میں لکھا کہ اسکول کے پرنسپل مجاہد نے بتایا کہ دعا زہرہ صرف تیسری جماعت تک زیر تعلیم رہی ہے اور وہ بھی ریگولر نہیں تھی۔
پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ملی تھی جس میں لڑکی کو ایک گاڑی میں جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ تاہم پھر اعلیٰ حکام نے اس پروگریس رپورٹ کو غلط قرار دیتے ہوئے تھانے دار کو ہی عہدے سے ہٹا دیا تھا۔