مشترکہ مفادات کونسل نے نئی مردم شماری کی متفقہ طور پر منظوری دے دی

اسلام آباد (ویب رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کے اجلاس میں نئی مردم شماری کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا اور ادارہ شماریات سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے حکام شریک ہوئے، اجلاس میں نئی مردم شماری سے متعلق معاملات پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزارت منصوبہ بندی و ترقی نے ڈیجیٹل مردم شماری سے متعلق بریفنگ دی اور ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج پیش کیے۔

اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی آبادی 24 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ گئی۔

اس حوالے سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھاکہ مشترکہ مفادات کونسل کے تمام 8 ارکان نے مردم شماری کی متفقہ منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کا کام 120 دن میں ہونا ہے، قومی اسمبلی میں تمام صوبوں کی نشستوں کا حصہ وہی رہے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ آئین کے آرٹیکل 51 کے تحت عام انتخابات شائع کی گئی مردم شماری کے مطابق ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں