اسلام آباد : وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فاروق حیدر نے احتجاجاً قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے وزیر اعظم عمراں خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمراں خان اور مودی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، 5 اگست کا اقدام مودی اور عمران خان کی رضا مندی سے ہوا۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ عمران خان آزاد جموں وکشمیر الیکشن کے لیے جارحیت کر رہے ہیں، آزادجموں وکشمیر کے حالیہ انتخابات تقسیم کشمیر کے ایجنڈے کے خلاف لڑے جائیں گے۔ راجہ فاروق حیدر کا کابینہ ارکان کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ 25 جولائی کو آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات ہوں گے ، انتخابات قومی ایجنڈے کے تحت لڑے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اِن کیمرہ اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔اجلاس میں 16 اراکین کو پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی اجلاس میں خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ڈی جی آئی ایس آئی ملکی داخلی صورتحال کے علاوہ افغانستان، بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال پر بریفنگ دیں گے۔ آج سہ پہر 3 بجے ہونے والے اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کریں گے۔
اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق امور ایجنڈے کا حصہ ہوں گے، ساتھ ہی افغانستان کی موجودہ صورتحال اور اس کے پاکستان پر اثرات کے حوالے سے بھی بات کی جائے گی۔ اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویز خٹک شرکت کریں گے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، بلاول بھٹو زرداری سمیت ارکان پارلیمنٹ اور وزرا بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔