ajk election

آزاد کشمیر الیکشن ، مخصوص نشستوں کے لیے اگر مگر کا کھیل شروع ہوگیا

مظفر آباد : آزاد کشمیر الیکشن ، مخصوص نشستوں کے لیے اگر مگر کا کھیل شروع ہوگیا ، عددی اعتبار سے پی ٹی آئی خواتین کی 3 اور پیپلز پارٹی کم از کم ایک نشست پر کامیاب ہوجائے گی تاہم خواتین کی ایک نشست پر اگر پیپلز پارٹی، (ن) لیگ ، مسلم کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلز پارٹی اتفاق کر لیں تو ایک سیٹ جیت سکتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر اسمبلی کی 45 عمومی نشستوں پر انتخابات کے بعد اب سیاسی جماعتوں نے مخصوص نشستوں کے لیے لائحہ عمل ترتیب دینا شروع کردیا ہے کیوں کہ خواتین کی 5 نشستوں پر انتخاب کے لئے 9،9 ارکان اسمبلی کے پینل بنیں گے، عددی اعتبار سے پی ٹی آئی خواتین کی 3 جب کہ پیپلز پارٹی کم از کم ایک نشست پر کامیاب ہوجائے گی ،

خواتین کی ایک نشست پر اگر پیپلز پارٹی، (ن) لیگ ، مسلم کانفرنس اور جے کے پی پی اتفاق کر لیں تو ایک سیٹ جیت سکتی ہیں جب کہ اسمبلی میں علماء و مشائخ،ٹیکنو کریٹ اور اوورسیز کشمیریوں کی ایک ایک نشست ہے، جن پر پورا ایوان ووٹ دے گا ، امکان ہے کہ عددی اکثریت کی بنیاد پر تحریک انصاف یہ نشستیں جیت لے گی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی 53 ارکان پر مشتمل ہے، جہاں 45 عمومی نشستوں پر براہ راست پولنگ ہوئی ، اس کے علاوہ ایوان میں خواتین کے لیے 5 جب کہ علماء و مشائخ ، ٹیکنو کریٹ اور اوورسیز کشمیریوں کی ایک ایک نشست ہے ، عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف 25 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 11 اور مسلم لیگ (ن) نے 6 نشستیں حاصل کیں ،

جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس نے بھی ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ، پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین 2 نشستوں پر کامیاب ہوئے ، حلف برداری سے پہلے انہیں ایک نشست چھوڑنی ہوگی ، اس طرح ایوان میں پیپلز پارٹی کی نمائندگی 11 سے کم ہوکر 10 ارکان ہوجائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں