مظفر آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء بیرسٹر سلطان محمود صدر آزاد کشمیر منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری آزاد کشمیر کے 28 ویں صدر منتخب ہوگئے ، پی ٹی آئی کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے 34 ووٹ لیے جب کہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے میاں عبدالوحید 16 ووٹ حاصل کرسکے۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر کے حالیہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صدر پی ٹی آئی اے جے کے بیرسٹر سلطان محمود کو آزاد کشمیر کا صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ، اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان نے ایل اے 3 میرپور سے قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے بیرسٹر سلطان محمود کو صدر آزاد کشمیر بنانے کی منظوری دی ،
جب کہ اس سے پہلے وزیر اعظم آزاد کشمیر نہ بنائے جانے پر بیرسٹر سلطان محمود کا اہم بیان بھی سامنے آیا ، پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 7 سال پارٹی کو چلایا ، جتوایا اور حکومت میں لایا لیکن ناانصافی پر صرف اتنا ہی کہوں گا کہ ’اس طرح ہی ہوتا ہے اس طرح کے کاموں میں‘ تاہم میری سیاست کا مقصد عوامی خدمت ہے اور یہ گھاٹے کا سودا نہیں ہے۔