لاہور سے بچے کو اغوا کروانے میں 25 سالہ سوتیلی نانی ملوث نکلی

لاہور : لاہور سے بچے کو اغوا کروانے میں 25 سالہ سوتیلی نانی ملوث نکلی۔اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق سی آئی اے پولیس لاہور نے تھانہ سندر کے علاقے میں واقعہ نجی سوسائٹی سے تاوان کیلئے اغوا ہونے والے 5 سالہ بچے کو بحفاظت بازیاب کروا کر 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا،گرفتار ملزمان سے2 جدید رائفلیں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔

یہ بات ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن عمران کشور، ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار، ایس صدر آپریشن حسن جاوید بھٹی اور سی آئی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ تھانہ سندر کے علاقے سے تاوان کے لیے اغوا ہونے والے 5 سالہ بچے عریض کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان سجاد اور اکرم کو سرائے عالمگیر سے گرفتار کیا گیا ، ملزمان سے 2جدید رائفلیں بھی برآمدکی گئیں ہیں۔ پولیس کی ٹیمیں فرار ملزمان مہوش، شہباز اور اویس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے 13مئی کی شام بچے کو تھانہ سندرکی نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے پارک سے10کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا کیا

جس کا مقدمہ تھانہ سندر میں اس کے والد احمد یار کی مدعیت میں درج ہوا، بچے عریض کی سوتیلی نانی مہوش نے آشنا شہباز کے ساتھ مل کر بچے کے اغوا کی واردات کا منصوبہ بنایا،مہوش اور شہباز کے منصوبے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے سجاد، اکرم اور اویس نے کلیدی کردار ادا کیا۔

ڈی آئی جی کامران عادل نے بتایا کہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے دبئی کے نمبرز سے کانفرنس کال کے ذریعے مدعی سے رابطہ کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جلد باقی ملزمان کو بھی گرفتار کر کے پراسیکوشن کی مدد سے قرار واقعی سزاد دلوائی جائے گی۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل نے بتایا کہ آئی جی پنجاب رائو سردار علی خان اس کیس کے بارے روزانہ اپڈیٹ لیتے رہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بچے کے والد نے وزیر اعلی پنجاب، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور اور انکی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ لاہور سے تاوان کیلئے اغواء ہونے والے بچے کی بحفاظت بازیابی پر لاہور پولیس اور تفتیشی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔ پولیس سائنٹفک انداز سے تفتیش کرتے ہوئے اصل ملزمان تک پہنچی اور بچے کو بحفاظت بازیاب کرایا۔بچے کی بحفاظت بازیابی پراللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں۔ بچے کے والدین جس کرب سے گزرے وہ ناقابل بیان ہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ ملزمان کو قانون کے تحت سخت سزا دلوائی جائے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں