لاہور :وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ عوام نے جھوٹے شیروں کو دم دبا کر بھاگتے ہوئے دیکھا،پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق یکجان اور دو قالب ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے ارکان اسمبلی نے ملاقاتیں کیں،وزیراعلٰی پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی نے دباؤ اور ترغیب کے سامنے ڈٹ کر تاریخ رقم کر دی ہے،سوداگر ناکام ہوئے،آئین و قانون حق و حق کی فتح ہوئی۔
پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق یکجان اور دو قالب ہیں،عوام نے جھوٹے شیروں کو دم دبا کر بھاگتے ہوئے دیکھا۔ دوسری جانب پنجاب اسمبلی کی تحلیل کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا،پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ آفس نے مقامی وکیل کی پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لیے دائر درخواست پر اعتراض لگایا۔
ہائیکورٹ آفس نے اعتراض عائد کیا کہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں۔ درخواست میں پنجاب حکومت کو بذریعہ چیف سیکرٹری، پرویز الہیٰ اور عمران خان کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پنجاب اسمبلی میں ارکان کی اکثریت اسمبلی کی تحلیل کی مخالف ہے، اکثریت اسمبلی کی تحلیل نہیں چاہتی تو وزیراعلیٰ اسمبلی نہیں توڑ سکتے۔عمران خان نے کسی آئینی اختیار کے بغیر اسمبلی توڑنے کی ہدایت کی۔
پرویز الہیٰ نے عمران خان کی ہدایت پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر کو بھجوائی۔ پرویز الہی نے پی ٹی آئی کے دباؤ پر سمری بھجوائی یہ ان کی اپنی خواہش نہیں، سمری کالعدم قرار دی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی۔ جسٹس شاہد کریم سلمان چیمہ کی درخواست پر سماعت کریں گے۔