لاہور : سرکاری کوٹے میں اضافے کے ساتھ نجی گندم مارکیٹ کریش کر گئی، قیمت میں بڑی کمی آ گئی۔جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سرکاری کوٹے میں اضافہ ہوتے ہی پنجاب کی نجی گندم مارکیٹ کریش کر گئی جس کے بعد قیمتوں میں بھی بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ گندم کی فی من قیمت میں 1200 روپے کمی آ گئی جس سے 5400 والی گندم کھلی منڈی میں 4200 روپے من پر آ گئی۔
آٹا میدہ فائن کی قیمتوں میں بھی واضح کمی کا امکان ہے جبکہ چکی آٹا بھی 15 سے 20 روپے فی کلو کم ہونے کا امکان ہے۔جبکہ سیکرٹری خوراک کے مطابق آج صوبے میں آٹا ذخیرہ اندازوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہو گا۔کسی کو قیمت بڑھانے یا قلت نہیں کرنے دیں گے۔آٹے کی قیمتوں میں کمی کے لیے بڑا آپریشن کرنا ہوگا۔گذشتہ روز وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ پنجاب میں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہر سطح پر موثر اقدامات کئے گئے ہیں – صوبہ بھر میں سستے آٹے کی دستیابی کے لئے سیل پوائنٹس میں اضافہ کیا گیا ہے اور فلور ملوں کیلئے سرکاری گندم کا ڈیلی کوٹہ 26 ہزار میٹرک ٹن کر دیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت کے بروقت اقدامات سے صوبہ بھر میں آٹا وافردستیاب ہے – چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ محکمہ خوراک اور انتظامی افسران کو آٹے کی سپلائی اور دستیابی یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں – گندم و آٹے کی سمگلنگ روکنے کیلئے صوبے کے خارجی راستوں پرچیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے – گندم اور آٹے کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے ہر وہ اقدام اٹھارہے ہیں جس سے غریب آدمی کو ریلیف ملے – پنجاب کے عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے وافر مقدار میں گندم کا سٹاک موجود ہے