بلوچستان میں دہشت گردوں کی جانب سے 2 مقامات پر حملے

پنجگور ؛ بلوچستان میں دہشت گردوں کی جانب سے 2 مقامات پر حملے ناکام بنا دیے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے بلوچستان میں پنجگور اور نوشکی میں سیکورٹی فورسز کی کیمپوں پر حملے کیے گئے۔ پنجگور میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کے کیمپ میں 2 اطراف سے داخل ہونے کی کوشش کی گئی، نوشکی میں بھی سیکورٹی فورسز پر حملہ کیا گیا۔

تاہم سیکورٹی فورسز نے بروقت کاروائی سے دہشت گردوں کے حملے ناکام بنا دیے۔ سیکورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں 4 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے، جبکہ بچ جانے والے دہشت گرد فرار ہو گئے۔ نوشکی میں دہشت گردوں کے حملے میں ایک سیکورٹی جوان زخمی بھی ہوا، جبکہ فورسز کی جوابی کاروائی میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانے کے بعد بھاگنا پڑا۔

اس سے قبل بلوچستان کے ضلع نوشکی میں 2 دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان بلوچستان حکومت بشریٰ رند کی جانب سے بتایا گیا کہ ایف سی ہیڈ کوارٹر کے گیٹ پر دھماکہ ہوا، دھماکے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نوشکی مینگل روڈ پر ہوئے دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کے مطابق سول ہسپتال نوشکی کی عمارت کو نقصان پہنچا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں