مشہور ہونے کے لیے تشدد کا سہارا، لاہور میں ٹک ٹاک کے شوقین نوجوان نے گینگ بنا لیا

لاہور : لاہور میں ٹک ٹاک کے شوقین نوجوان نے گینگ بنا لیا۔راہگیر نوجوانوں کو روک کر تشدد کرنے اور ٹک ٹاک بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ذرایع کے مطابق سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے والی ویڈیو کا مقصد ٹک ٹاکر پر تشدد کی ویڈیوز اپلوڈ کرکے خوف پھیلانا ہے۔تشدد کا شکار متعدد نوجوانوں نے ستوکتلہ تھانہ میں شکایات درج کروا دی۔

ذرائع کے مطابق متعدد ویڈیوز کی موجودگی کے باوجود پولیس نے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی۔سوشل میڈیا پر نوجوانوں پر تشدد کی ویڈیوز پر شدید تنقید کی جا رہی ہے،بعدازاں ڈی آئی کی آپریشنز سہیل چوہدری نے ویڈیو کا نوٹس لے کر ایس پی صدر کو فوری قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ اسلحہ کی نمائش غیر قانونی عمل ہے۔

بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائیں۔سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ گذشتہ ماہ لاہور میں نوجوانوں کے ہجوم نے معروف ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کو گھیر لیا تھا جس کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔خاتون 14 اگست کے حوالے سے ویڈیو بنا رہی تھی جب نوجوانوں نے گھیر لیا۔ایک نوجوان نے انتہائی مشکل سے خاتون کو ہجوم میں سے نکالا اور اس کی جان بچائی۔

ویڈیو وائرل ہوئی تو پولیس بھی حرکت میں آ ئی۔اس وقت اس مقدمے میں کئی لوگ زیر حراست ہیں جبکہ گذشتہ روز 98 ملزمان کو بے گناہ قرار دے کر رہا کیا گیا تھا۔یہاں واضح رہے کہ مذکورہ موبائل ایپ ٹک ٹاک پاکستان میں کئی مرتبہ بلاک بھی کی جا چکی ہے۔

ٹک ٹاک پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی موبائل ایپ ہے، جبکہ اسنیک ویڈیو نے بھی حال ہی میں مقبولیت حاصل کی ہے۔پاکستان میں ٹک ٹاک کو بین کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔جبکہ ٹک ٹاک استعمال کرنے کے خلاف فتوے بھی جاری کیے جاتے ہیں یہاں تک کہ جامعہ بنوری ٹاون نے بھی ٹک ٹا ک کا استعمال حرام قرار دے دیاتھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں