rawalpindi rape case

مدرسہ ہراسانی کیس؛ طالبہ پولیس کے نازیبا سوالات کے خلاف پھٹ پڑی

راولپنڈی : راولپنڈی کے ایک مدرسے میں ہراسانی کا شکار ہونے والی طالبہ پولیس کے نازیبا سوالات کے خلاف پھٹ پڑی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی کے علاقے میں مدرسہ مہتمم کی 16 سالہ طالبہ سے مبینہ زبردستی و ہراسگی کے معاملہ پرمتاثرہ طالبہ پولیس کے تفتیشی افسران کے رویہ کے خلاف پھٹ پڑی۔
متاثرہ طالبہ کا کہنا ہے کہ آدھی رات کو تھانے بلا کرنازیبا سوالات کیے جاتے ہیں۔ ملزم فریق کے افراد کی جانب سے گھر تک تعاقب بھی کیا جاتا ہے۔ متاثرہ طالبہ نے انصاف و تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ متاثرہ طالبہ کا ویڈیو بیان سامنے آیا جس میں طالبہ برملا کہتے ہوئے سنی جاسکتی یے کہ تھانہ ہیرودھائی پولیس کو درخواست دی ،الٹا تفتیشی افسران کی جانب سے مجھ سے الٹے سیدھے سوالات کیے جارہے ہیں، پولیس بجائے ملزم سے سوال کرنے کے مجھ سے سوالات کے جوابات پوچھ رہی ہے، ایسے گھٹیا سوالات کررہے ہیں جس کی کوئی حد نہیں۔
طالبہ نے کہا کہ پولیس والے ہم پر اتنا پریشر ڈال رہے ہیں کہ رات کو بلا کر الٹے الٹے سوال کیے۔ میری جان کو بھی خطرہ ہے۔ طالبہ کا کہنا تھا کہ پولیس والوں نے اگرچہ رات کو گھر تک آ کر چھوڑا لیکن اس کے باوجود چند لوگ ہمارا پیچھا کرتے گھر تک آئے۔ وزیراعظم سے مطالبہ ہے کہ مجھے تحفظ و انصاف فراہم کروائیں۔ طالبہ کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کے ساتھ ملزمہ بھی پوری طرح شامل تھی اس کو تاحال نہیں پکڑا گیا اس کو بھی گرفتار کیا جائے۔
طالبہ نے کہا کہ حافظ قرآن ہوں استاد کو برا نہیں کہنا چاہتی لیکن میرے ساتھ جو ہوا اب استاد کی حثیت سے اس شخص کی عزت نہیں کروں گی، میرا غصہ و لہجہ اس شخص کے عمل کی وجہ سے قابو نہیں ہورہا۔ پولیس کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات سے متعلق متاثرہ طالبہ نے کہا کہ مجھ سے گھٹیا سوالات کرنے والوں کو خود بھی شرم نہیں آرہی، انہیں چاہئیے کہ جو سوالات ملزم سے کیے جانے چاہئیں اس سے ہی کریں مجھے صرف انصاف چاہئیے جو فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں