نوجوان نے شادی سے انکار پر لڑکی کو اسپتال میں گھس کر مار دیا

فیصل آباد : نوجوان نے شادی سے انکار کرنے پر لڑکی کو قتل کر دیا۔موقع پر موجود لڑکی کی والدہ نے ملزم کو دبوچ لیا۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پر لڑکی کو قتل کر دیا گیا۔نوجوان نے نجی اسپتال میں گھس کر لڑکی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔بتایا گیا ہے کہ نجمہ نامی لڑکی والدہ کے ہمراہ دوائی لینے آئی تو غلام حسین نے گولی مار دی۔

پولیس کے مطابق ملزم نے لڑکی کو شادی سے انکار پر قتل کیا،نوجوان کی لڑکی سے منگنی ہوئی تھی جو بعدازاں ٹوٹ گئی، اس رنج کی بنا پر لڑکی سے بدلہ لینے کا فیصلہ کیا۔پولیس نے ملزم کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔اس حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم لڑکی کو روکتا ہے،دونوں کے مابین تلخ کلامی ہوتی ہے جس کے بعد وہ شاپر سے پستول نکال کر لڑکی پر گولی چلاتا ہے۔

ملزم نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش بھی کی تاہم لڑکی کی والدہ سے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دبوچ لیا۔پولیس نے ملزم سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے جب کہ معاملے کی مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل ایک ایسا ہی واقعہ لاہور میں پیش آیا تھا جہاں شادی سے انکار پر کزن نے جوان لڑکی کو گھر میں گھس کر قتل کردیا تھا۔

یہ واقعہ لاہور کے علاقے شرقپور میں پیش آیا جہاں شادی سے انکار کرنے پر ایک نوجوان کاشف نے گھر میں گھس کر لڑکی کو اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ پولیس کی طرف سے بتایا گیا کہ مقتولہ کی شناخت صوبیہ کے نام سے ہوئی ہے جس کو اس کے کزن کاشف نے صرف اس لیے قتل کردیا کیوں کہ لڑکی نے اس کے ساتھ شادی کرنے سے انکار کردیا تھا ،
واقعے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جب کہ پولیس نے لاش قبضے میں لے کر مردہ خانہ منتقل کردی اور ملزم کی تلاش کے لیے کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں