مائرہ کے قتل سے ایک روز قبل کیا ہوا؟

لاہور : مائرہ قتل کیس میں گرفتار ملزم ظاہر جدون نے مزید کئی اہم انکشافات کیے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم سے تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ظاہر جدون کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے پاس ورڈ مائرہ کے علم میں تھے جب کہ مقتولہ مائرہ نے ظاہر جدون کی فیملی کی تصاویر کے ساتھ نازیبا الفاظ تحریر کیے تاہم مقتولہ نے کچھ ہی دیر بعد تصاویر کو ڈلیٹ کر دیا تھا۔

ملزم ظاہر جدون کے کزن نے تصاویر کے بارے میں آگاہ کیا جس کے بعد وہ اگلے ہی روز دوست کے ہمراہ لاہورپہنچا اور مائرہ کو قتل کر دیا۔انکشاف ہوا ہے کہ مائرہ کے پاس ملزم ظاہر جدون کی غیر اخلاقی ویڈیوز بھی موجود تھیں۔ظاہر جدون کی نشاندہی پر کزن کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔گذشتہ روز مائرہ ذوالفقار قتل میں نامزد ملزم ظاہر جدون نے قتل کا اعتراف کیا تھا۔

ظاہر جدون کو پولیس نے شامل تفتیش ہونے پر حراست میں لیا تھا۔ اس نے اعترافی بیان میں کہا کہ مائرہ جب نشے میں تھی تو اس دوران اس کے ساتھ جھگڑا ہوا،میں نے خود مائرہ کو تین مئی کی صبح قتل کیا، مائرہ کے قتل کا علم دوست اقراء کو تھا۔ ظاہر جدون نے بتایا کہ مائرہ اپنی فیملی کو دبئی میں انٹرن شپ پروگرام کا بتا کر لاہور آگئی تھی، اس کی فیملی کو 2019 سے یہی پتہ تھا کہ ماہرہ دبئی میں موجود ہے، مائرہ کی فیملی کا دو سال سے مائرہ کے ساتھ رابطہ نہیں تھا۔

پولیس کے مطابق ظاہر جدون کی ویڈیوز سے ماہرہ نے اسے بلیک میل کرنا بھی شروع کر رکھا تھا، ظاہر جدون نے مائرہ کی بلیک میلنگ سے تنگ آکر اسے قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی، ظاہر جدون قتل کرنے کے بعد اسلام آباد فرار ہو گیا تھا۔ ظاہر جدون کی فیملی پرانی دشمن دار ہے اور ظاہر جدون پہلے بھی ایک قتل کے مقدمہ میں ملوث رہ چکا ہے۔پولیس نے ملزم ظاہر جدون کے ساتھی ذیشان کی گرفتاری کے لیے راولپنڈی میں چھاپے مارے ہیں جہاں سے ذیشان کے بہنوئی سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں