ملتان: ملتان میں اپنی قبر خود کھود کر اور وہاں مبینہ طور پر چلا کاٹنے پر پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شجاع آباد کے نواحی علاقے سکندرآباد کے رہائشیوں نے پولیس کو اطلاع دی ہے کہ قبرستان میں ملک سلیم نامی شخص قبر کھود کر تین روز سے کوئی چلا کاٹ رہا تھا۔علاقے والوں نے پولیس کو شکایت لگائی تو فوری طور پر سلیم کو گرفتار کر لیا گیا۔
مذکورہ شخص نے پولیس کو اپنے بیان میں کہا کہ وہ آخرت کی تیاری کر رہا تھا۔
عالم دین مفتی زبیر نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران انتقال سے پہلے اپنی قبر کھدوانے کے عمل کو دین اسلام کے منافی اقدام قرار دے دیا۔قبر ستان کے گور گن نے بتایا کہ وہ قبر ملک سلیم نے عبادت کے لیے کھدائی تھی، ان کا مقصد آخرت کی تیاری کرنا تھا، ان کا مزید کہنا تھا کہ وہاں پر جائے نماز بھی رکھی گئی تھی اور وہاں بیٹھ کر سلیم نماز پڑھتے تھے۔ملک سلیم سکندرآباد بوائز ہائی سکول میں بطور جونیئر کلرک تعینات ہے۔پولیس نے دو روز قبل سلیم کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کیا لیکن بعد ازاں انھیں رہا کر دیا گیا