شہباز شریف دور میں لاپتہ افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے: چودھری پرویز الہٰی

لاہور:سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی سے سابق ارکان اسمبلی نے ملاقات کی اس موقع پر سابق چیئرمین شکایت سیل زبیر احمد خان کے اغوا کی بھرپور مذمت کی گئی۔

مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زبیر احمد خان کو گھر کے باہر سے فیملی کے سامنے اغوا کیا گیا، ان کی فیملی کو ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ دھمکایا بھی گیا، شہباز شریف دور میں لاپتہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، وفاقی اور پنجاب کی نگران حکومت نے ظلم کی انتہا کر دی ہے۔

چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ زبیر احمد خان نے سیلاب متاثرین کی امداد میں پاک آرمی اور ترکش سوسائٹی کے ساتھ ملکر شانہ بشانہ کام کیا، ہمارے قریبی ساتھیوں کو بلاوجہ غیر قانونی طور پر نامعلوم افراد گھروں سے اغوا کر رہے ہیں، محمد بشارت راجہ، میاں شفیع محمد اور سلیم بریار کی جانب سے بھی زبیر خان کے اغوا کی مذمت کی گئی۔

اس موقع پر بشارت راجہ نے کہا حکمران اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اور بے گناہ افراد کو بلاوجہ اغوا کیا جا رہا ہے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی غیر قانونی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے، سلیم بریار نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی ہے، پی ٹی آئی کا ہر کارکن حکمرانوں کے ظلم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں