عمران خان کا نوازشریف کو واپس آ کر مقابلے میں الیکشن لڑنے کا چیلنج

گوجرانوالہ:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے نوازشریف کو وطن واپس آ کر اپنے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔

گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک قوم حقیقی طور پر آزاد نہیں ہوتی، اس کا دنیا میں کوئی مقام نہیں ہوتا، آزاد قوموں کے حقوق ہوتے ہیں، جو غلام ہوں ان کی پرواز اوپر نہیں ہوتی عام آدمی تھانے اور کچہری میں رلتا ہے، ارشد شریف کو ملک چھوڑنا پڑا اس کو قتل کیا گیا کیونکہ وہ حق پر کھڑا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، میں نوازشریف نہیں کہ پاکستان سے بھاگ جاؤں ، نوازشریف انتظار کر رہا ہے کہ اس کو طاقتور لوگوں سے این آر او مل جائے اورپھر وہ واپس آجائے، ہم سب مل کرنوازشریف کا اسقبال کریں گے، ان کو ایئرپورٹ سے اڈیالہ جیل لے کرجائیں گے، باہرسے سکرپٹ دی جاتی ہے روس سے سستا تیل نہیں لینا، امریکا سے این او سی لی جاتی ہے کہ روس سے تیل لے سکتے ہیں یا نہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے میڈیکل رپورٹس میں بھی دھاندلی کی، نوازشریف اور زرداری مل کر سازش کر رہے ہیں، آصف زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہیں، آصف زرداری تیاری کر لیں آپ کے پیچھے سندھ آ رہا ہوں، سندھ کے لوگوں کو آزادی کی ضرورت ہے، چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ اعظم سواتی اور شہباز گل کو انصاف فراہم کریں، چیف الیکشن کمشنر شریف خاندان کے گھر کا نوکر بن چکا ہے، مجھ پر درجنوں مقدمات درج کئے گئے الیکشن کمشنر کے خلاف ہرجانے کے لئے عدالت جاؤں گا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے چیلنج کیا کہ نواز شریف جب بھی واپس آؤ اور الیکشن لڑو، چیلنج کرتا ہوں تمہارے حلقے میں جا کر تمہیں ہراؤں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں