عمران خان کی الیکشن کمیشن کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کے کیس پر رجسٹرار آفس کو اعتراضات کیا ہیں؟ بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ بائیو میٹرک اور مصدقہ نقول کے اعتراضات ہیں،ہم نے چند دن بعد الیکشن لڑنا ہے،نا اہلی سے مسائل کا سامنا ہے۔

آرٹیکل 63 ون پی کے تحت الیکشن کمیشن نے کارروائی کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ نا اہلی تو اس حد تک ہے کہ جس کیلئے وہ پہلے منتخب ہوئے تھے۔ بیرسٹر علی ظفر نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرنے کی استدعا کی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ جب فیصلہ ہی نہیں تو یہ عدالت کس فیصلے کو معطل کرے گی؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخوست پر اعتراضات تین روز میں ختم کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل سابق وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن کے نا اہلی کے فیصلے کو چیلنج کیا اوراسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان نے درخواست دائر کی۔ عمران خان کی جانب سے درخواست میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، قومی اسمبلی کے اسپیکر اور سیکرٹری سمیت دیگر فریق بنایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں