اب ہر پمپ من مانے ریٹ پر پیٹرول فروخت کریگا

اسلام آباد: آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت اوگرا کو ختم کرنے جارہی ہے، اوگرا صارفین کے حقوق کا تحفظ کرتی ہے، اوگرا کو ختم کرنے کے بعد پیٹرول کا کاروبار تباہ ہو جائے گا، ڈی ریگولیشن سے قیمتیں مختلف ہو جائیں گی، ہر پمپ اپنے من مانے ریٹ پر پیٹرول فروخت کرے گا۔یہ بات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری جمشید خان اور ترجمان نعمان بٹ سمیت دیگر عہدیداران نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

جمشید خان نے ڈی ریگولیشن کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی ریفائنریز اس پیشے سے وابستہ ہیں، حکومت نکل جائے گی تو ریگولیشن کون کرے گا ہمارے لیے گاڑیاں چلانا اور کاروبار کرنا مشکل ہو جائے گا۔

آل پاکستان آئل ٹینکرایسوسی ایشن کے ترجمان نعمان بٹ نے کہا کہ حکومت اپنے آپ کو بچانے کے لیے ڈی ریگولیشن کرنے جا رہی ہے، شاہد خاقان عباسی نے ہمیں مافیا کہا، ہم کاروباری لوگ ہیں مافیا نہیں ہیں۔

نعمان بٹ نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں کی ذمہ داری آئل کمپنیز پر ڈال دی جائے جب کہ ڈی ریگولیٹ کرنے کے بعد ہمارا مارجن کم کردیا جائے گا، ہم جب بلنگ کرتے ہیں تو ٹیکس پہلے کاٹ لیا جاتا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ 72 پیسے ایک لیٹر پر ہمیں لوکل دیا جاتا ہے۔انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ کبھی کسی میٹنگ میں ہمیں آن بورڈ نہیں لیا گیا، ڈی ریگولیشن سے قیمتیں مختلف ہو جائیں گی، ہر پمپ اپنے من مانے ریٹ پر پیٹرول فروخت کرے گا، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اس کاروبار کے ساتھ جو سلوک کریں گی اس کا ابھی نہیں معلوم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں