آصف زرداری اور چوہدری شجاعت کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

لاہور:سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی گذشتہ رات دو گھنٹوں میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے دو بار ملاقات ہوئی ۔سابق صد رمملکت آصف علی زرداری چند روز میں دوسری بار مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقا ت کے لئے ان کی رہائشگاہ پر پہنچے۔بتایا گیا ہے کہ ملاقا ت میں وفاقی وزیر سالک حسین اور رخسانہ بنگش بھی موجود تھیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب سمیت سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آصف زرداری نے چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ سے روانگی کے موقع پر گاڑی سے وکٹری کا نشان بنایا۔ آصف علی زرداری کے روانہ ہونے کے بعد چوہدری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی بھی رہائشگاہ پر پہنچ گئے اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری بھی دوبارہ چوہدری شجاعت حسین کی رہائشگاہ پر آ گئے۔

آصف زرداری کی آمد کے بعد چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری مونس الٰہی رہائشگاہ سے روانہ ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ نے آصف زرداری سے ملاقات سے انکار کر دیا تھا اور انہیں دیکھتے ہی گھر سے چلے گئے تھے۔اس دوران آصف زرداری نے چوہدری شجاعت کی نوازشریف سے بھی بات کروائی تھی۔چوہدری شجاعت نے آصف زرداری کو کہا ’ آپ پرویز الہیٰ کو منا لیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں‘۔

۔ذرائع مونس الہی کا کہنا ہے کہ پتہ نہیں آصف زرداری کیا کہانی بیچنے آئے ہیں۔یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ آصف زرداری نے میاں نواز شریف سے پرویز الٰہی کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا مشترکہ امیدوار بنانے کے حوالے سے گفتگو کی تھی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی کہ پرویزالٰہی ن لیگ اور ق لیگ کے مشترکہ اُمیدوار ہوں، ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار صرف حمزہ شہباز ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں