خیبرپختونخوا کابینہ میں ردوبدل

پشاو: خیبرپختونخوا کابینہ میں ردوبدل کیا گیا ہے۔معاون خصوصی کامران بنگش کو صوبائی وزیر بنا دیا گیا۔اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتایا گیا کہ کامران بنگش کو محکمہ اطلاعات واعلیٰ تعلیم کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے۔جبکہ ارشد ایوب خان کو بھی صوبائی وزیر بنا دیا گیا۔معاون خصوصی ریاض خان کو مشیر مقرر کر دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق معاون خصوصی عارف احمد زئی اور محمد ظہور بھی مشیر مقرر کر دئیے گئے۔قبل ازیں رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کابینہ نئے وزراء ومشیراورمعاونین خصوصی شامل کرنے کی تیاری کرلی۔ ذرائع کے مطابق خیبرپختون خوا کی حکومتی ٹیم میں نئے وزراء ، مشیراورمعاونین خصوصی شامل کرنے کی تیاری ہوگئی ہے اور اس حوال سے وزیراعظم عمران خان نے اگست میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان کو گرین سگنل دے دیا۔

کابینہ اور حکومتی ٹیم میں ایک سابق وزیر جب کہ 3 نئے چہرے شامل ہوں گے، جن کی حلف برداری آئندہ چند دنوں میں متوقع ہے، نئے وزراء اور حکومتی ٹیم میں ممکنہ طور پر شامل کیے جانے والے افراد کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ، پشاور اور نوشہرہ سے ہوگا، ڈیرہ اسماعیل خان سے فیصل امین گنڈا پور پہلے ہی حلف اٹھا چکے ہیں، تاہم انہیں تاحال کسی بھی محکمہ کا چارج حوالے نہیں کیا گیا ۔

ذرائع نے بتایا کہ دو وزراء سے اضافی چارج واپس لینے کے علاوہ سوات سے تعلق رکھنے والے ایک وزیر سے وزارت واپس لینے کا بھی امکان ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں دو صوبائی وزراء ہشام انعام اللہ اور اکبر ایوب خان کو ان کے عہدوں سے فارغ کیا گیا تھا، جب کہ مشیروں میں قلندر لودھی، ضیاء اللہ بنگش اور حمایت اللہ خان مستعفی ہوئے جن کے ہمراہ معاون خصوصی غازی غزن جمال نے بھی استعفیٰ دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں