لاہور کے داخلی و خارجی راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے

اسلام آباد : مذہبی جماعت کے لاہور سے اسلام آباد مارچ و متوقع احتجاج سے نمٹنے کے لیے راولپنڈی میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی جب کہ مری روڈ سمیت اہم شاہراہوں کو کنٹرینرز اور رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا ہے۔جمعے کی نماز کے بعد لاہور سے اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دئیے جانے کے بعد سے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد جانے والے راستوں کو کنٹینرز اور خاردار تاروں کے ذریعے سیل کر دیاگیا ہے۔علاوہ ازیں لاہور کے داخلی و خارجی راستے بھی کنٹینر لگا کر بند کر دئے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کی مختلف سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم ٹریفک پولیس نے مسافروں کو متبادل راستوں سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایکسپریس چوک سے ڈی چوک تک ٹریفک کے لیے دونوں اطراف بند ہیں۔ نادرا چوک اور ایوب چوک ریڈ زون جانے اورآنےکے لیے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان سفر کے لیے نائتھ ایونیو استعمال کریں۔ فیض الاسلام اسٹاپ، مری روڈ پر سڑک ٹریفک کے دونوں اطراف سے بند ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں