gas

گیس کی قلت کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران کا عندیہ

لاہور : گیس کی قلت کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران کا عندیہ دے دیا گیا، مصنوعات کی پیداواری لاگت بڑھنے کے ساتھ بین الاقوامی منڈی میں مسابقت کم ہوجائے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق موسم سرما میں گیس کی ممکنہ قلت کے باعث ملکی صنعتوں پر برے اثرات آنے کا خدشہ ہے کیوں کہ گیس کی جگہ پر اگر متبادل ایندھن کا استعمال کرنا پڑا تومصنوعات کی پیداواری لاگت بڑھ جانے کے ساتھ بین الاقوامی منڈی میں مسابقت کم ہوجائے گی۔

صنعتی تنظیموں نے گیس کی قلت کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی توانائی کی ضروریات کا 35 فی صد قدرتی گیس سے پورا کیا جاتا ہے جن میں مقامی اور درآمدی گیس شامل ہیں ، ممکنہ بحران سے بچنے کے لیے حکومت کو چاہیئے کہ وہ فوری طور پر اقدامات کرے۔

خیال رہے کہ موسم سرما میں گیس بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے جس کے نتیجے میں عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، چوں کہ ایشیائی مارکیٹ میں لیکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کے نرخ56.3 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ ( ایم ایم بی ٹی یو) کی بلند سطح پر پہنچ گئے اور اس صورتحال کے بعد پاکستان میں گیس کا بحران پیدا ہونے کا قوی امکان ہے ، ایل این جی کی ایشیائی مارکیٹ پر پاکستان کا کوئی کنٹرول نہیں ہے تاہم حکومت بلند قیمت سے بچنے کے لیے ایل این جی کی درآمدات میں کمی کرسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں