خبردار! ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر اب صرف چالان نہیں بلکہ لائسنس بھی معطل ہوگا

لاہور : سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے فیصلہ کیا ہے کہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر اب چالان نہیں بلکہ لائسنس معطل ہوگا ، فیصلہ شہریوں کو حادثات اور ٹریفک جام سے بچانے کیلئے کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں شہریوں کو حادثات اور ٹریفک جام سے بچانے کے لئے سی ٹی او لاہور کی جانب سے ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر اب لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ حادثات اور ٹریفک جام کی بڑی وجہ شہریوں کی ون وے کی خلاف ورزی کرنا ہے لہذا اب ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر چالان کے علاوہ لائسنس بھی معطل کیا جائے گا اور ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی کیوں کہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی خودکشی کے مترادف ہے ، چند سکینڈز کے خاطر شہری اپنی اور دوسروں کی جان داؤ پر لگا دیتے ہیں اسی بناء پر ون وے جگہوں کی نشاندہی کرتے ہوئے وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ہ پنجاب حکومت نے ٹریفک چالان میں بھی مزید اضافے کی منظوری دیدی ہے ، اب اگر کوئی شہری قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو اسے ڈبل جرمانہ ہوگاموٹر سائیکل سوار کے لیے قانون شکنی پر چالان میں 300 سے 400 روپے تک اضافہ ہوگا ، موٹر سائیکل بغیر ہیلمٹ چلانے پر چالان 200 روپے کی بجائے 600 روپے تک ہوگا ، اوورسپیڈ، نوپارکنگ، رونگ وے اور رات کو بغیر لائٹس کے موٹر سائیکل چلانے پر جرمانہ 200 سے 400 روپے کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب کابینہ نے کم عمر موٹر سائیکل چلانے والوں پر بھی چالان 500 روپے کرنے کی منظوری دیدی ہے ، اس کے علاوہ رکشہ چلانے والوں کے جرمانوں میں 250 سے 500 روپے تک اضافہ ہوگا ، کار سواروں پر چالان سیٹ بیلٹ، موبائل کے استعمال پر جرمانہ 500 سے 750 تک کرنے کی منظوری دی گئی ہے ، پریشر ہارن اور غلط سمت گاڑی چلانے پر جرمانہ بڑھا کر 1000 روپے کرنے، ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے پر موٹر سائیکل سوار اور رکشہ پر 600 اور گاڑی والے پر 750 کرنے کی منظوری دی گئی ہے جب کہ جعلی نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکل پر 1000 اور گاڑی پر 2000 روپے تک جرمانہ ہوگا جبکہ مسافر گاڑیوں پر ٹریفک چالان 1000 روپے سے 2000 روپے تک مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں