لاہور : پنجاب حکومت نے صوبے میں کورونا ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب میں ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد 146 سے بڑھا کر 296 کی جارہی ہے ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فرنٹ لائن میڈیا ورکرز کیلئے بڑا اعلان کیا ہے ، صحافی برادری کو ترجیحی بنیاد پر کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ توئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب تک 18لاکھ سے زائد افراد کو ویکسینیٹ کیا جا چکا ہے ، مراکزکی تعداد بڑھانے کا مقصد کم وقت میں زیادہ شہریوں تک ویکسین پہنچانا ہے، بہت جلد لگ بھگ 30 لاکھ مزید ویکسینز پنجاب کو دستیاب ہوں گی۔
علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے عید کے بعد لاہورمیں کورونا ویکسی نیشن سینٹرز 24 گھنٹے فعال رکھنے کا فیصلہ کرلیا ، وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ عید کےدنوں میں ویکسین سینٹرصرف 2 دن بند ہوں گے ، جب کہ عید کے بعد لاہور میں ویکسی نیشن سینٹر کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ عید پرہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے چھٹی منسوخ کی ، اسی طرح پی ایچ اے اور صفائی کے ادارے بھی کام کررہے ہیں ، شجر کاری آکسیجن کا نیچرل سورس ہے ، یہی وجہ ہے کہ موجودہ دورحکومت میں اب تک 11 لاکھ سے زائد پودے لاہور میں لگائے گئے۔