لاہور : تاجر برادری نے حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کوئی درمیانی راستہ اختیار کرے۔تفصیلات کے مطابق جنرل سیکریٹری اعظم کلاتھ مارکیٹ بورڈ اختر علی خان نے مکمل لاک ڈاؤن کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ان سے بات چیت کیے بغیر کوئی فیصلہ نہ کرے۔
صدر انصاف گروپ انجمن تاجران اردو بازار شاہد محمود ڈوگر نے بھی شہر بھر میں لاک ڈاؤن کی بجائے سمارٹ لاک ڈاؤن کو اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں کے حال پر رحم کرے اور شہر بھر میں لاک ڈاؤن مت لگائے۔نائب صدر مال روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن لیاقت جٹ نے حکومت سے عید سے قبل مکمل لاک ڈاؤن نہ لگانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کی بجائے اوقات کار میں ردوبدل کیا جائے۔
چیئرمین شاہ عالم مارکیٹ بورڈ سید عظمت علی نے بھی عید سے قبل مکمل لاک ڈاؤن کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر عید سے قبل لاک ڈاؤن کرنے کی مکمل تیاری کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں اٹھارہ نکاتی ایجنڈے پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مکمل لاک ڈاؤن لگانے کے حوالے سے کابینہ اراکین سے مشاورت کی۔اجلاس میں لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن اور 20 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا تاہم مکمل لاک ڈاؤن سی این سی کی اجازت سے مشروط ہو گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے سبب 151 اموات ہوئیں جبکہ کورونا کے مزید 5 ہزار 480 نئے کیسز سامنے آئے ۔