فیصل آباد:گاڑی کے آگے بھینس آنے پر اسسٹنٹ کمشنر نے مقدمہ درج کرا دیا

فیصل آباد: گاڑی کے آگے بھینس آنے پر اسسٹنٹ کمشنر نے مقدمہ درج کرا دیا، ٹی ایم اے کے عملے نے کسان کی 31 بھینسیں قبضے میں لے لیں۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے آگے بھینسیں آنے پر مقدمہ درج کروا دیا گیا۔مقدمے میں سعید اور احسان سمیت پانچ نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ٹی ایم اے کے عملے نے کسان کی 31 بھینسیں بھی قبضے میں لے لی ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر زین العابدین گزشتہ روز شہر میں دورے پر تھے کہ اچانک ان کی گاڑی کے سامنے بھینسیں آگئیں۔جس پر انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوراً ٹی ایم اے کے عملے کو کہا کہ جائیں اور بھینسوں کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کروائیں۔جس کے بعد کسان کی 31 بھینسیں قبضے میں لے لی گئیں۔

جب کہ نامعلوم افراد پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے ٹی ایم اے کے عملے پر تشدد کیا۔

اس سے قبل بورے والا کے سکول میں اسسٹنٹ کمشنر بورے والا رانا اورنگزیب کے سکول دورے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق سکول کے دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ ان کے مسلح گارڈز بھی تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے سکول کے گارڈ کو اپنا تعارف کرائے بغیر سکول میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر سکول کے گارڈ نے انہیں روکا جس پر اسسٹنٹ کمشنر کے گارڈز نے سیکیورٹی گارڈ کو دھکے دیئے اور اسلحے سمیت سکول میں داخل ہو گئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا تھا کہ سکول سے واپس جاتے ہوئےاسسٹنٹ کمشنر کے گارڈز نے سکول کے گارڈ کو دھکے دیے اور اسے زدوکوب کیا۔ اس واقعے پر سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔ کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی کہا تھا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، سکول گارڈ کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں