لاہور : مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اس حکومت کی آئینی اور نہ ہی قانونی حیثیت ہے ، اس لیے مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم حکومت کے ساتھ کوئی بات نہیں کرے گی ، مجھے ضمانت مسترد ہونے کی دھمکیوں سے نہیں ڈرا سکتے ، اس طرح انتقامی کارروائیاں کی گئیں تو ن لیگ خاموش نہیں رہےگی ، مجھے سیاسی انتقام کانشانہ بنایاجارہا ہے ، لیکن مجھے کوئی ڈر نہیں ہے میں تیسری مرتبہ بھی جیل کاٹ لوں گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جاتی امراء میں ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ نیب نےلاہور ہائیکورٹ میں میری ضمانت کےخلاف درخواست دی ہے ، ہائی کورٹ میں نیب کی درخواست مضحکہ خیز ہے ، ہائیکورٹ میں کہا گیا کہ میں بیانات دے رہی ہوں اس لیے ضمانت مسترد کی جائے ، بیانات جانچنے کا اختیارنیب کوکیسے مل گیا؟ دو مرتبہ جیل کاٹ چکی ہوں تیسری مرتبہ بھی کاٹ لوں گی لیکن نیب کا کام ترجمان بننا نہیں نیب کا کام کرپشن پکڑنا ہے جس میں بری طرح ناکام ہوا۔
مریم نواز نے کہا کہ نیب نے ہائیکورٹ میں جھوٹ بولا کہ تحقیقات میں تعاون نہیں کررہی حالاں کہ نیب نے جب بھی بلایا میں گئی ، مجھ پر حملہ اور پتھراوَ کیا گیا ، نیب آفس کے باہر کھڑی رہی انہوں نے دروازے نہیں کھولے ، ایک سال ہوگیا ہے نیب نے مجھے نہیں بلایا ، جب کہ ہائیکورٹ میں کہا گیا کہ میں بیانات دے رہی ہوں اس لیے ضمانت مسترد کی جائے ، امید ہے لاہورہائیکورٹ درخواست کی سماعت نہیں کرے گی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کہا کہ نیب کو تکلیف ہے کہ میں سیاست میں مداخلت کررہی ہوں ، عدلیہ کے کندھوں پر بندوق چلاکر انتقام لے رہے ہو ، میں خوف زدہ نہیں ہوں تم انتقام لینے میں بھی ناکام ہوں گے ، میں عوام کی نمائندگی کروں گی اور مداخلت پر آواز اٹھاوَں گی ، سیاست دان ہوں توسیاست تو کروں گی ، مسلم لیگ ن لانگ مارچ سمیت ہر آپشن کیلئے تیار ہے ، ن لیگ پی ڈی ایم کے فیصلوں کی پاسدار کرے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ کورونا تب آتا ہے جب حکومت مشکل میں آتی ہے ورنہ کورونا نہیں آتا ، کورونا کی ویکسین تو آگئی لیکن عمران خان کی ویکسین یہ ہے کہ عوام ان کو مسترد کردیں، عمران خان کوگھر بھیجنے تک بیرون ملک نہیں جاوَں گی ، نیب کوتکلیف ہے کہ میں آٹا اورچینی چورکو چورکیوں کہتی ہوں ، جب کہ خفیہ کیمرے لگانے کا اسکینڈ ل سب کے سامنے ہے، آئین میں خفیہ ووٹ کا ذکر ہے لیکن خفیہ کیمروں کا نہیں ، حکومت خفیہ چیزوں پر چل رہی ہے وہ بھی بے نقاب ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جاوید لطیف محب وطن پاکستانی ہیں ، جاوید لطیف کی حب الوطنی میں کسی قسم کا کوئی شک نہیں ، جاوید لطیف محب وطن پاکستانی ہیں ، وہ بار بار منتخب ہوکرایوان جاتے ہیں ، اس طرح انتقامی کارروائیاں کی گئیں تو ن لیگ خاموش نہیں رہےگی ، پاکستان زندہ باد ہے اور زندہ باد رہے گا۔