بیٹے کی شادی پر باپ نے ڈالرز کی بارش کر دی

گوجرانوالہ : شادی کسی بھی شخص کے لیے زندگی کا سب سے خاص دن ہوتا ہے، جسے وہ ہر ممکن طور پر یادگار بنانے کی کوشش کرتا ہے جبکہ دلہا دلہن کے والدین ، دوست احباب اور قریبی رشتہ دار بھی مختلف طریقوں سے اپنی خوشی کا اظہار کرتے اور اس دن کو یادگار بناتے ہیں۔ بالکل ایسے ہی گوجرانوالہ میں خوشی سے نہال ایک باپ نے اپنے بیٹے کی شادی پر ڈالرز کی بارش کر دی۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کی ڈی سی کالونی کے رہائشی صنعتکار باپ نے بیٹے کی بارات میں ڈالرز لُٹا دئیے، مقامی افراد کے ساتھ باراتی بھی نوٹوں پر ٹوٹ پڑے۔ دلہے کا باپ ایک صنعتکار ہے۔ ثناءاللہ کے بیٹے کی بارات چندا قلعہ بائی پاس کے قریب میرج ہال پہنچی تھی جہاں دلہا کے والد، رشتے داروں اور دوستوں نے پاکستانی کرنسی کے ساتھ ساتھ ڈالرز بھی نچھاور کیے۔
سوشل میڈیا پر بارات میں ڈالرز کی بارش ہونے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی افراد اور بچے ڈالرز اکٹھے کرنے میں مصروف ہیں جبکہ ڈالرز دیکھ کر بارات میں شامل مہمان بھی ڈالرز لوٹنے میں لگ گئے۔ اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی اہل خانہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ انہوں نے کس قدر پیسے کا ضیاع کیا۔

شادی کی تقریب میں پیسوں کی بارش کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں تھا۔ اس سے قبل بھی کئی شادی کی تقریبات میں غیر ملکی کرنسیاں لُٹائی گئیں۔ حال ہی میں کراچی کے علاقہ ڈالمیا میں ایک شادی کی تقریب کے دوران دو روز تک ہوائی فائرنگ ہوتی رہی ، فائرنگ کے وقت ایک سابق کونسلر اور دیگر لوگ بھی موجود تھے۔ جبکہ اس تقریب کے موقع پر غیر ملکی کرنسی بھی جلائی گئی تھی

اپنا تبصرہ بھیجیں