کراچی میں موٹرسائیکل پر برہنہ گھومنے والے شخص کی اہلیہ کا بیان بھی سامنے آ گیا

کراچی : کراچی میں موٹرسائیکل پر برہنہ حالت میں گھومنے والے شخص کی اہلیہ کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں سلمان ولد عبد الرحمان کی اہلیہ نے کہا کہ میں سلمان ولد عبد الرحمان کی اہلیہ ہوں ، میں عالمہ فاضلہ اور حافظ قرآن ہوں ، میرا تعلق ایک دینی گھرانے سے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے میں اس کے بارے میں کہنا چاہتی ہوں کہ وہ میرے شوہر ہیں نمازی پرہیزی اور مسلمان ہیں ، یہ حرکت انہوں نے نفسیاتی اور دماغی توازن کھونے کے باعث کی ہے ۔ مذکورہ شخص کی اہلیہ نے بتایا کہ ڈیڑھ سال قبل میرے شوہر کو ہارٹ اٹیک آیا تھا جس کے بعد ان کا نفسیاتی علاج بھی شروع کروا دیا تھا لیکن جب انہیں دوسرا ہارٹ اٹیک ہوا تو وہ بے قابو ہو گئے اور انہوں نے گھر کا سارا سامان توڑا اور گھر سے باہر نکل گئے۔
لوگوں نے انہیں پکڑنے کی اور گھر والوں کے حوالے کرنے کی بجائے ہاتھوں میں موبائل تھامے اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دیں ۔ انہوں نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میری حکومت سندھ ، آئی جی سندھ اور عوام الناس سے التماس ہے کہ جس کے پاس اختیار اور قوت ہے وہ اس ویڈیو کو سوشل میڈیا سے ہٹانے کے لیے اپنا کر دار ادا کریں کیونکہ یہ حرکت انہوں نے دماغی توازن کھونے کے باعث کی ہے ، میرے دو بچے ہیں اور جب وہ بڑے ہوں گے اور جب میرے شوہر کی صحت بہتر ہوتی ہے اور وہ ٹھیک ہو جاتے ہیں تو یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد اپنی زندگی کیسے گزاریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ بچے اپنے باپ کو ایسی حالت میں کیسے دیکھیں گے ،میں جانتی ہوں کہ یہ حرکت غلط تھی لیکن انہوں نے دماغی توازن درست نہ ہونے باعث یہ سب کیا ہے ، ان کا علاج جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل سلمان کی اہلیہ کا بیان آپ بھی ملاحظہ فرمائیے:

سلمان کی اہلیہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا، سوشل میڈیا صارفین نے اس طرح کی ویڈیو بغیر پس منظر جانے وائرل کرنے والوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر موٹر سائیکل پر برہنہ گھومنے والے ایک شخص کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جسے بعد ازاں پولیس نے گرفتار کر لیا تھا۔ برہنہ گھومنے والے شخص کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی جسے جوہرآباد پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ پولیس کو ابتدائی بیان میں سلمان ولد عبد الرحمان نامی ملزم نے بتا یا تھا کہ وہ ناظم آباد کے پاپوش نگر کا رہائشی ہے۔ سلمان نے پولیس کو دئے بیان میں کہا کہ وہ شادی شدہ ہے اور اس کے دو بچے بھی ہیں اور وہ فوڈ پانڈا میں کام کرتا رہا ہے۔پولیس اہلکار نے سلمان سے سوال کیا کہ اس حالت میں کیوں پھر رہے ہو تو اس نے جواب دیا کہ میں آزاد پیدا ہوا ہوں اس لیے آزاد گھوم رہا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں