جے یو آئی ف سے نکالے گئے 4 رہنما مولانا فضل الرحمان کیخلاف متحرک ہوگئے

اسلام آباد : جمعیت علماء اسلام ف سے نکالے گئے چاروں رہنما مولانا فضل الرحمان کے خلاف متحرک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مولانا محمد خان شیرانی پارٹی سے نکالے جانے کے بعد خاصے متحرک ہوگئے ہیں اس سلسلے میں حافظ حسین احمد مولانا شجاع الملک اور مولانا گل نصیب بھی مولانا محمد خان شیرانی کے ساتھ ہیں ، اس حوالے سے چاروں رہنماوں نے ملک بھر میں مولانا فضل الرحمان کی پالیسیوں سے اختلاف رکھنے والے پارٹی رہنماوں سے رابطے تیز کردیے گئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ مولانا محمد خان شیرانی نے 29 دسمبر کو اسلام آباد میں اہم اجلاس بھی طلب کرلیا ہے جس میں ملک بھر سے مولانا فضل الرحمان کی پالیسیوں سے اختلاف رکھنے والے رہنماؤں کو بلایا گیا ، اس اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں ان رہنماوں کی طرف سے آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں اعلان کیا جائے گا۔
یہاں بتاتے چلیں کہ جمعیت علماء اسلام ف نے منحرف اراکین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چار اہم رہنماؤں کو پارٹی سے نکال دیا تھا ، تفصیلات کے مطابق جے یو آئی ف نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا ، اس حوالے سے ذرائع کے مطابق مولانا محمد خان شیرانی،حافظ حسین احمد،مولانا گل نصیب خان اور مولانا شجاع الملک کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی ۔

ترجمان کے مطابق کمیٹی نے چاروں رہنماؤں کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر رکنیت ختم کر کے پارٹی سے نکال دیا گیا ،جب کہ ڈسپلنری کمیٹی کے سربراہ سائیں عبدالقیوم ہالیجوی کی ہدایت پر پارٹی جلد بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کرے گی، چاروں رہنماؤں کے ساتھ جو پارٹی رہنما پارٹی نظم سے متعلق پروگراموں میں شرکت کرے گا ،ان کی رکنیت بھی ختم کر دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں