بہاول پور : بہاول پور میں آسمانی بجلی گرنے سے سیکڑوں من گندم جل گئی۔تفصیلات کے مطابق بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں آسمانی بجلی گرنے سے گندم کے ڈھیر میں آگ لگ گئی جس سے سیکڑوں من گندم جل گئی۔ریسکیو کنٹرول احمدپورشرقیہ کے مطابق نواحی علاقہ میں آسمانی بجلی کٹی ہوئی گندم کے ڈھیر پر گرنے سے گندم میں آگ بھڑک اٹھی۔
اور دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں من گندم جل گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق ایک گھنٹے کے فائرفائٹنگ آپریشن کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور 30 فیصد سے زائد گندم کو جلنے سے بچالیا گیا۔
اس سے قبل وزیرآباد میں ایک سگریٹ نے گندم کی پوری فصل کو راکھ بنا ڈالا۔ وزیرآباد کے علاقہ چھناواں میں ایک ڈرائیور نے سگریٹ بُجھائے بغیر ہی پھینک دیا جس سے گندم کی پوری فصل تباہ ہو گئی۔
کاشتکار ڈرائیور گندم کی کٹائی کر رہا تھا کہ اسی دوران اس نے سگریٹ بُجھائے بغیر ہی کھیتوں میں پھینک دیا جس کے نتیجے میں دو ایکڑ پر محیط گندم کی فصل نے فوری طور پر آگ پکڑ لی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے گندم کی کٹائی کرنے والی مشین سمیت پوری فصل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کسان اپنی جان بچانے میں کامیاب تو ہو گیا لیکن فصل مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔