ڈلاس: گزشتہ روز پاکستان کے شہر لاہور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا کہ پب جی کھیلنے کا دلدادہ نوجوان جسے گیم کھیلنے سے منع کیاجاتا تھا اس نے پب جی فوجی کا لباس پہن کر پسٹل کی مدد سے بہن سمیت خاندان کے تین افراد کی جان لے لی۔اور اب ایک اسی سے ملتا جلتا واقعہ امریکہ میں پیش آیا ہے جہاں دو بھائیوں نے اپنے پورے خاندان کوختم کر دیاہے۔
اگرچہ انہوں نے پب جی اسٹائل میں اپنے والدین کا قتل نہیں کیا مگر اپنے ہی والدین کا بچوں کے ہاتھوں قتل ہونا ا س بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارا معاشرہ کہاں آن کھڑا ہوا ہے۔ امریکی ریاست ٹیکساس میں دو بھائیوں نے اپنے خاندان کے 4 افراد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور خود بھی خود کشی کر لی۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ٹیکساس کے شہر ڈلاس کے مضافاتی علاقے میں پولیس کو ایک گھر سے خاندان کے 6 افراد کی گولیاں لگی لاشیں ملی ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں والدین، دادی، 2 بھائی اور ایک بہن شامل ہے۔19 سالہ فرحان توحید اور 21 سالہ تنویر توحید نے اپنے 54 سالہ والد توحید الاسلام، 56 سالہ والدہ آئرین اسلام، 19 سالہ بہن فوربن توحید اور 77 سالہ دادی الطاف النسا کو گولی مار کر قتل کیا اور اسی بندوق سے خود بھی خودکشی کرلی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ایک بھائی نے والدین کو جب کہ دوسرے نے بہن اور دادی کو قتل کیا، جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کو گولیاں مار کر قتل کیا ہوگا کیوں کہ یہ سب فرحان توحید نے ایک ماہ قبل اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا تھا۔
سوشل میڈیا پر لکھی گئی پوسٹ میں فرحان توحید نے ڈپریشن کے مرض میں مبتلا ہونے اور دوران علاج ہونے والی تکلیف کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ حال ہی میں خود کو کثرت سے کاٹتا رہا ہے، یہ افسردگی کے ساتھ کافی دیر تک چلنے والا علاج ہے جس میں کونسلنگ اور دوائیاں شامل ہیں۔فرحان نے مزید لکھا کہ یہ دوائیاں بھی اب اتنی مدد گار ثابت نہیں ہو رہی ہیں جتنا پہلے ہوا کرتی تھیں۔ طویل پوسٹ کے ایک حصے میں فرحان نے ایک ڈرامے کے اختتام کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے لکھا کہ میرے خیال میں ڈرامے کا اختتام کسی اور طرح ہونا چاہیے تھا۔