لاہور کو عالمی معیار کا شہر بنانے کی تیاریاں

لاہور : لاہور کو عالمی معیار کا شہر بنانے کی تیاریاں، ڈپٹی کمشنر کو شہر کی 15 اہم ترین شاہراہوں پر بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کی منظوری دینے کا اختیار مل گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت لاہور کو عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام شروع کر دیا ہے۔ ایک جانب راوی اربن ڈویلپمنٹ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، تو دوسری جانب شہر کو پہلی مرتبہ بلند و بالا عمارتوں کا شہر بنانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔

اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت نے شہر کے پوش علاقوں کی 15 بڑی شاہراہوں پر بلند و بالا عمارتوں کے ڈیزائن کی منظوری اور آڈٹ کے اختیارات ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی کو سونپ دئیے ہیں ۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا جا چکا۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے شہر کی 15 اہم ترین شاہراہوں پر بلند و بالا عمارتوں کے ڈیزائن کی منظوری کا اختیار ڈپٹی کمشنر لاہور کو سونپ دیا ہے۔

ڈپٹی کمیشنر لاہور کو یہ اختیار ملا ہے کہ وہ بطور ہائی ڈیزائنر کمیٹی کے چیئرمین نقشہ جات کی منظوری دیں گے۔ اس سے قبل یہ اختیار ڈی جی ایل ڈی اے کے پاس تھا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ 40 سال بعد یہ اختیار ڈی جی ایل ڈی اے سے لے کر ڈپٹی کمشنر لاہور کو سونپا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایل ڈی اے کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار بھیا کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی ایل ڈی اے نے صوبائی حکومت کے اقدام کی شدید مخالفت کی ہے۔ یہاں واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے کنسٹرکشن انڈسٹری کے فروغ کیلئے ملک کے بڑے شہروں میں بلند وبالا عمارتوں کی تعمیر پر زور دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں