لندن: برطانیہ میں قیدی کے ساتھ معاشقہ چلانے والی جیل کی نرس کو سزا سنا دی گئی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق اس 28سالہ نرس کا نام برینسی آئیوی تھا جو بکنگھم شر کے علاقے کی ایک جیل میں بطور نرس ملازمت کرتی تھی۔ وہاں اس نے 21سالہ قیدی ریوبین سمتھ کے ساتھ تعلقات استوار کر لیے اور بعد ازاں اپنے اس جرم پر پردہ ڈالنے اور سزا سے بچنے کے لیے اس قیدی کے ساتھ شادی کی کوشش کی۔
رپورٹ کے مطابق بیرینسی کو ایمرشیم کراؤن کورٹ میں پیش کیا گیا تھا جہاں اس پر جیل میں ایک بار قیدی کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔ دوران تفتیش بیرینسی نے بتایا کہ اسے ایک قیدی نے جنسی طور پر ہراساں کیا تھا اور ریوبین سمتھ نے اس قیدی کو بیرینسی سے معافی مانگنے پر مجبور کیا۔
ریوبین سمتھ نے اس قیدی سے تحریری معافی نامہ لکھوایا اور بیرینسی کو بھیج دیا۔بیرینسی کا کہنا تھا کہ ریوبین کے اس اقدام پروہ اسے دل دے بیٹھی۔عدالت کی طرف سے بیرینسی کو 15ماہ (2سال کے لیے معطل) قید کی سزا سنا دی اور اس کے آئندہ بطور نرس ملازمت کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ سزا کے بعد بیرینسی اب ایک انشورنس کمپنی میں ملازمت کر رہی ہے۔