بھارت کشمیر میں غلط معلومات پھیلا کر اپنے مظالم سے توجہ نہیں ہٹا سکتا: دفتر خارجہ

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطی کے معاملات بحال کرنے میں سفارتی کردار ادا کررہا ہے، عمان بھی اس صورتحال میں اپنا بہتر کردار ادا کر رہا ہے۔
ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ وزیراعظم 6 سے 8 اگست کے دوران سعودی عرب کا دورہ کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے شعبوں پر بات چیت ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطی کے معاملات بحال کرنے میں سفارتی کردار ادا کررہا ہے، عمان اس تمام تر صورتحال میں اپنا بہتر کردار ادا کررہا ہے، پاکستان عمان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات پر بھارتی بیانات بے بنیاد ہیں، آزاد کشمیر انتخابات شفاف انداز میں جاری ہیں، بھارت کے پاس ایسے بیانات کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، بھارت آزاد کشمیر میں اموات کی غلط معلومات پھیلا کر مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے 13ویں انتخابات پرامن، شفاف اور آئین کے مطابق ہوئے، یہ انتخابات آزاد کشمیر کے لوگوں کی جمہوری اور سیاسی امنگوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

دفترِ خارجہ نے بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بیٹے اور سابق مشیر سجیب واجد جوئے کے اس الزام کو قطعی طور پر مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے بنگلہ دیش کے اندرونی معاملات میں پاکستانی خفیہ ادارے کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا تھا، بنگلہ دیشی عوام اپنے معاملات خود حل کرنے کے اہل ہیں۔

ترجمان نے انڈین اثر و رسوخ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ انڈیا آئی ایس آئی کے معاملے میں حد سے زیادہ غیر محفوظ ہے اور چونکہ یہ موصوف حسینہ واجد کے بیٹے خود بھی انڈیا میں مقیم ہیں، اس لیے لگتا ہے کہ یہ وائرس اب ان تک بھی پہنچ چکا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان کو امید ہے کہ آبنائے ہرمز معاہدہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا باعث بنے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں