نیویارک: امریکہ کی یہ 33سالہ جڑواں ہم شکل بہنیں اس وقت میڈیا کی زینت بنیں جب انہوں نے دو جڑواں ہم شکل بھائیوں کے ساتھ ایک ہی تقریب میں شادی کر لی اور پھر دونوں ایک ساتھ ہی حاملہ بھی ہو گئیں اور اب دونوں نے ایک ہی ساتھ بچوں کو جنم بھی دے دیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ 33سالہ برٹنی ڈیانی اور بریانا ڈیانی ہیں جنہوں نے اگست 2018ءمیں امریکی ریاست اوہائیو میں 35سالہ جوش اور جیرمی سلیئرز کے ساتھ شادی کی۔
شادی میں دونوں بھائیوں نے ایک ہی طرح کی انگوٹھیاں دونوں بہنوں کو پہنائیں۔ یہ دونوں بہنیں اور ان کے شوہر باہم اتنے ہم شکل ہیں کہ بسااوقات ان کے گھر والے بھی دھوکا کھا جاتے ہیں۔ شادی کے بعد سے دونوں جوڑے امریکی ریاست ورجینیا میں ایک ہی گھر میں رہ رہے ہیں اور اکثر یہ چاروں میچنگ کپڑے پہنتے ہیں۔ یہ لوگ 2017ءمیں جڑواں لوگوں کے ایک فیسٹیول میں ملے تھے اور ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو کرباہم شادی کر لی۔
رپورٹ کے مطابق شادی کے بعد دونوں بہنیں ایک ساتھ حاملہ ہوئیں اور اب دونوں کے ہاں ایک ساتھ بیٹوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ بریانا اور جیرمی نے اپنے بیٹے کا نام جیکس، جبکہ برٹنی اور جوش نے اپنے بیٹے کا نام جیٹ رکھا ہے۔ انہوں نے رواں ہفتے پہلی بار اپنے بچوں کی تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کیں۔ ایک ساتھ ماں بننے پر برٹنی اور بریانا کا کہنا تھا کہ ”ماں بننے کا احساس ہمارے لیے بے پناہ خوشی کا سبب ہے۔ ہم اپنے بچوں کی پرورش بھی اکٹھے ہی کریں گے اور اسی طرح اکٹھے رہیں گے، جیسے اب تک رہتے آ رہے ہیں۔“