بنکاک(مانیٹرنگ ڈیسک)تھائی لینڈ میں ایک چور چوری کی نیت سے گھر میں گھسا لیکن اندر جا کر اسے ایسی نیند آئی کہ پھر اس کی آنکھ حوالات میں ہی جا کر کھلی ۔انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ تھائی لینڈ کے صوبہ فیتچابن میں واقع شہر ویچیان بوری میں پیش آیا جہاں مالک مکان بیدارہوا تو اس نے ایک چور کو اپنے گھر میں خواب خرگوش کے مزے لیتے پایا۔ مالک مکان چور پر چیخا اور اس سے پوچھا کہ وہ کون ہے اور اس کے گھر میں کیا کر رہا ہے؟
چور ہڑبڑا کر اٹھا اور ایک لمحے کے لیے اسے سمجھ ہی نہ آئی کہ وہ کہاں ہے۔ جب تک اسے سمجھ آئی، تب تک مالک مکان اور اس کا ایک بیٹا اسے قابو کر چکے تھے۔ انہوں نے چور کی ٹھکائی کرنے کے بعد پولیس کو بلایا اور اسے گرفتار کروا دیا۔ پولیس کے مطابق 22سالہ چور کا نام اتھیت کین کھنتھود ہے، جس نے دوران تفتیش اعتراف کیا ہے کہ وہ چوری کرنے کے لیے گھر میں گھسا تھا تاہم وہ بہت زیادہ تھکا ہوا تھا اور نیند اس پر غالب آ گئی۔ وہاں اس نے ایک خالی بیڈروم دیکھا اور فیصلہ کیا کہ کچھ دیر آرام کر لے، پھر چوری کرکے نکل جائے گا لیکن اس کی ایسی آنکھ لگی کہ اگلی صبح اسے مالک مکان نے آ کر جگایا۔