راولپنڈی: آرمی چیف کی زیر صدارت83ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکاءکا کہنا ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں، مجرموں، اس کی حوصلہ افزائی کرنے والوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے،9 مئی کے مجرموں کے خلاف فوری، شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک سازشی عناصر کے ہاتھوں یرغمال رہے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کی زیرصدارت83ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کورکمانڈرز،پرنسپل سٹاف آفیسرز،پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز کی کانفرنس میں شرکت کی۔فورم کا کہنا تھا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں لازم ہے کہ قانون کی عمل داری کو قائم کرنے اور مئی کے مجرمان کے خلاف فوری اور شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا۔
فورم کے شرکاءنے کہا کہ پاکستانی قوم جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم اور مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے اور اِن ناپاک قوتوں کے مذموم ارادوں کو مکمل اور یقینی شکست دی جائے گی انشاءاللہ۔آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے شہداءکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ملک کی حفاظت، سلامتی اور خود مختاری کیلئے مسلح افواج کے افسران و جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداءکی عظیم قربانیوں کو زبردست خرا ج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ فورم کو جیو اسٹریٹجک حالات، قومی سلامتی کیلئے ابھرتے ہوئے چیلنجز اور ملٹی ڈومین خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی حکمت عملی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔فارمیشن کمانڈر کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق پاکستانی قوم جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم اور مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے، پراپیگنڈے کا مقصد قومی اداروں بالخصوص افواج پاکستان اور عوام کے درمیان خلیج ڈالنا ہے، مقصد جھوٹ اور پروپیگنڈا سے پاکستانی قوم میں مایوسی پیدا کرنا ہے لیکن اِن ناپاک قوتوں کے مذموم ارادوں کو مکمل اور یقینی شکست دی جائے گی۔
فورم نے پائیدار اقتصادی ترقی اور غیر قانونی سرگرمیوں بشمول سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری کو روکنے، وَن ڈاکومنٹ رجیم، غیر قانونی غیر ملکی تارکین کی باعزت وطن واپسی سمیت قومی ڈیٹا بیس کی حفاظت کیلئے مختلف شعبوں میں حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے مختلف مشقوں کے دوران فارمیشنز کی اعلیٰ و معیاری تربیت اور انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔
آرمی چیف نے فارمیشنز کے بلند حوصلے اور ہمہ وقت آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہا۔ کانفرنس میں ملک کی عسکری قیادت نے فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خرا ج عقیدت پیش کیا ہے۔فورم نے ملک کی حفاظت، سلامتی اور خودمختاری کیلئے مسلح افواج کے افسران و جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداءکی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
Load/Hide Comments