ایرانی وزیر خارجہ کا اسلام آباد آمد کا باضابطہ اعلان

اسلام آباد:ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی خطے کی صورت حال پر مشاورت اور مذاکرات کے لیے آج رات اسلام آباد پہنچیں گے، انہوں ںے اپنے دورے کا باضابطہ اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر پوسٹ میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے لکھا کہ اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے بروقت دورے پر روانہ ہو رہا ہوں، دوروں کا مقصد شراکت دار ممالک کے ساتھ دوطرفہ امور پر قریبی رابطہ اور مشاورت ہے، علاقائی صورتحال اور تازہ پیش رفت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا، ہمارے پڑوسی ممالک ہماری اولین ترجیح ہیں، ایران خطے میں تعاون، رابطوں اور سفارتی مشاورت کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

قبل ازیں ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا نے بھی ان کے دورے کی تصدیق کی اور لکھا کہ عباس عراقچی آج شام اسلام آباد، مسقط اور ماسکو کے دوے پر روانہ ہوں گے، دورے کے مقاصد میں امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مسلط کی گئی جنگ کی صورت حال پر مشاورت شامل ہے۔

قبل ازیں حکومتی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستانی مصالحتی ٹیم سے اہم بات چیت اور گفتگو کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد امن مذاکرات کا دوسرا راؤنڈ متوقع ہے۔

امریکا کی لاجسٹک اور سیکیورٹی ٹیم بھی مذاکراتی عمل کے لیے اسلام آباد میں پہلے سے موجود ہے۔

قبل ازیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں