سعودیہ، امارات، ترکیہ سمیت کئی ممالک میں آج عید الفطر، پاکستان، ایران، بنگلہ دیش، بھارت میں کل منائی جائے گی

ریاض: سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر کے کئی ممالک میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
نماز عیدالفطر کے سب سے بڑے اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں ہوئے، جہاں لاکھوں فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی اور روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے۔

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی، انہوں نے عالمی امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا، اور امت مسلمہ کیلئے امن، سلامتی اور استحکام کی دعا کی۔

دوسری طرف جارح اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں نماز عید ادا کرنے کی اجازت نہ دی، علاقے میں کشیدگی پھیل گئی، لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے سائے میں عید منائی جا رہی ہے، ایران میں کل عید منائی جائے گی۔

ادھر ترکیہ، یمن، فلسطین اور عراق میں بھی آج عید منائی جا رہی ہے، آسٹریلیا میں بھی آج عید ہے، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیسی سڈنی کی مسجد گئے جہاں انہوں نے مسلمانوں کے تہوار میں شریک ہوکر انہیں مبارکباد دی۔

امریکا میں بھی عیدالفطر کا چاند نظر آگیا، جہاں عیدالفطر آج منائی جائے گی، برطانیہ سمیت یورپ بھر میں مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے آج عید منانے کا اعلان کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں