نیویارک : عام تاثر پایا جاتا ہے کہ سردیوں میں گاڑی کو چلانے سے پہلے انجن سٹارٹ کرکے اسے گرم کرنا چاہیے اور لگ بھگ ہر ڈرائیور ایسا کرتا بھی ہے تاہم اب ماہرین نے اس کے برعکس ایسی بات کہہ دی ہے کہ سن کر ڈرائیورز کے لیے یقین کرنا مشکل ہو جائے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ گاڑی کو چلانے سے پہلے سٹارٹ کرکے گرم کرنا نہ صرف وقت کا زیاں ہے بلکہ اس سے الٹا گاڑی کو فائدے کی بجائے نقصان ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گاڑی کو چلانے سے پہلے گرم کرنے کی ضرورت اس وقت ہوتی تھی جب ان میں ’کاربیوریٹرز‘ لگے ہوتے تھے۔ کاربیوریٹر چونکہ فیول اور ہوا کو مکس کرتے تھے چنانچہ ان گاڑیوں کو مناسب طریقے سے چلنے کے لیے گرم کیے جانے کی ضرورت ہوتی تھی۔ آج کل چونکہ گاڑیاں فیول انجیکٹڈ آ رہی ہیں، چنانچہ انہیں گرم کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اگر انہیں گرم کیا جائے تو اس سے ان کے آئل میں خام گیسولین کی مقدار بڑھ جاتی ہے جو گاڑی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔