نامناسب لباس پہننے پر جہاز سے اتاری گئی خاتون نے ویڈیو جاری کردی

نیویارک؛ امریکہ میں ایک فضائی کمپنی کے عملے نے نامناسب لباس پہن کر آنے والی خاتون مسافر کو پرواز سے اتار دیا۔ دی سن کے مطابق اس خاتون نے یہ واقعہ اپنے ٹک ٹاک اکاﺅنٹ @fattrophywifeپر ایک ویڈیو میں بتایا ہے۔ ویڈیو میں خاتون بہت مشتعل نظر آتی ہے اور کہتی ہے کہ اس نے سپورٹس بریزیئر پہن رکھا تھا جس کی وجہ سے الاسکا ایئرلائنز کی پرواز سے اسے اتار دیا گیا۔

خاتون بتاتی ہے کہ جہاز میںسوار ہونے کے بعد ایک ایئرہوسٹس میرے پاس آئی اور اپنے ٹاپ کے اوپر شرٹ پہننے کو کہا۔ میں نے اس کی بات مانتے ہوئے ایک شرٹ پہن لی۔ وہ کچھ دیر بعد دوبارہ میرے پاس آئی اور کہنے لگی کہ میںیہ شرٹ بھی نہیں پہن سکتی کیونکہ اس سے میرا پیٹ نظر آ رہا ہے۔ جس پر میں نے احتجاج کیا تو انہوں نے پولیس بلا لی اور مجھے جہاز سے اتروا دیا۔

اس ویڈیو میں پولیس اہلکار بھی بتاتے ہیں کہ جہاز سے اتارنے کے بعد انہوں نے خاتون سے پوچھ گچھ کی ہے اور اس میں اس کی کوئی غلطی نہیں ہے۔ عملے کی طرف سے اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ خاتون کی یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جسے اب تک5لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔ الاسکا ایئرلائنز کی طرف سے اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ خاتون کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس تنازعے کو نمٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں