کراچی کے ساحل پر کھڑے جہاز کو ناکارہ قرار دے دیا گیا

کراچی : کراچی کے ساحل پر کھڑے جہاز کو ناکارہ قرار دے دیا گیا۔وزارت میری ٹائم نے نے جہاز کو قبضے میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔جہاز ہینگ ٹانگ 77کے کپتان کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔کپتان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ جہاز کا نیوی گیشن اور مشینری کا نظام خراب ہے۔خراب جہاز انسانی جان اور املاک کے لیے نقصان دہ ہے۔

حکومت نے کراچی کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز کو تحویل میں لے لیا ہے۔وزارت برائے بحری امور نے بحری جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو حکومتی تحویل میں لینے کا حکم نامہ بھی جاری کر دیا ہے۔ہینگ ٹانگ 77 کو سمندری کاموں کے لیے ناقابل استعمال قرار دے دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے بھی بحری جہاز کو حکومتی تحویل میں لینے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جہاز ہینگ ٹانگ 77 سمندری امور کے قابل نہیں ہے اس کو نیوی گیشن سسٹم بھی خراب ہے اور انجن بھی کمزور ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے ساحل پر 21 جولائی کو کارگو بحری جہاز پھنسا جس پر کئی کنٹینر لدے ہوئے ہیں۔جہاز کا انجن کمزور ہونے کی وجہ سے جہاز اونچی لہروں کے باعث ساحل پر آ گیا۔ ساحل پر پھنسنے والے جہاز ہینگ ٹانگ 77کو نکالنے کے لیے ڈائریکٹرجنرل پورٹ اینڈ شپنگ نے سیلویج پلان کے حوالے سے کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے بعد کراچی کے ساحل کلفٹن کے قریب خشکی پر دھنسنے والے مال بردار بحری جہاز کو نکالنے کے لیے اطراف سے ریت اور مٹی ہٹانے کا کام شروع کیا گیا۔

کراچی کے ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ 77کو نکالنے کا کام منگل کو خراب موسم کے باعث مکمل نہیں کیا جا سکا۔،ریسکیو آپریشن کے دوران ٹیمیں جہاز کا رخ سمندر کی جانب کرنے میں کامیاب ہوگئی تھیں،تاہم خراب سمندری موسم کے باعث سی میکس کمپنی کے ٹگز ہاربر سے نہ نکل سکے اور آٓپریشن ملتوی کرنا پڑا ،بتایا گیا ہے کہ اب جہاز کو نکالنے کی دوسری کوشش بدھ کے روز کی جائیگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں