nawaijang uk

65 تولہ سونا چوری کرنے والے سی آئی اے کے 6 اہلکار گرفتار

کراچی : کراچی کے علاقہ گلستان جوہر پولیس نے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) میں کارروائی کرتے ہوئے 6 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ایس آئی یو کے 6 اہلکاروں کو گرفتار کرکے 65 تولہ سونا اور نقدی برآمد کرلی، گرفتار ملزمان میں سب انسپکٹر، 2 اے ایس آئی اور تین اہلکار شامل ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق 24 جون کو گلستان جوہر میں ماسیوں کے گھر میں واردات کی تھی، چوری کا مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں درج کیا گیا تھا۔انویسٹی گیشن ایسٹ زون ون کے ایس پی الطاف حسین نے بتایا کہ 24 جون کو گلستان جوہر تھانے کی حدود میں ایک بنگلے میں 80 تولے سونا چوری کی واردات ہوئی تھی، واردات مقدمہ گلستان جوہر تھانے میں درج ہے۔

ایس آئی یو اہلکاروں نے 65 تولہ سونا برآمد کیا اور ظاہر نہیں کیا تھا، پولیس نے تفتیش کے دوران ملازمہ اور اس کے شوہر کو گرفتار کیا۔

ملازمہ نے سامان کی برآمدگی سے متعلق ایسٹ پولیس کو آگاہ کیا تھا، شناخت کے بعد تمام اہلکاروں کو گرفتار کرکے سونا اور رقم برآمد کی گئی۔ ملازمہ نے انکشاف کیا کہ چند روز قبل ایس آئی یو (سی آئی اے ) سینٹر صدر نے ان کے گھر چھاپہ مار ا تھا اور سونا برآمد کرلیا تھا اور مبینہ طور پر بھاری رشوت وصول کرنے کے بعد مجھے گرفتار ہی نہیں کیا گیا۔

ملازمہ کے انکشافات کے بعد پولیس نے سی آئی اے صدر میں چھاپہ مار کر پولیس پارٹی کے انچارج ایک سب انسپکٹر ، دو اے ایس آئی اور تین کانسٹیبلوں کو گرفتار کرکے 65 تولہ سونا برآمد کرلیا، جو انہوں نے چوری کرنے والی گھریلو ملازمہ سے برآمد کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار پولیس اہلکاروں میں سب اسپکٹر ممتاز احمد، اے ایس آئی اسراراحمد ، اے ایس آئی محمد عمران، کانسٹیبل آصف، شعیب اور شوکت شامل ہیں، جب کہ جاوید نامی ملزم فرارہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایس آئی یو کی ٹیم کے ارکان کچھ روز قبل بھی گرفتار ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ 24 جون کو گلستان جوہر میں محمد عرفان نامی شہری کے گھر سے گھریلو ملازمہ حنا 80 تولہ سونا چوری کر کے فرار ہو گئی تھی، سونا چوری ہونے کی واردات کا مقدمہ حنا زوجہ روبن مسیح کے خلاف گلستان جوہر تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے اہلکاروں نے گھریلو ملازمہ کو حراست میں لیا اور چوری شدہ سونا بطور رشوت لے کر ملزمہ کو رہا کردیا تھا۔ گلستان جوہر انویسٹی گیشن پولیس نے دوران تفتیش سونا چوری کی واردات میں ملوث گھریلو ملازمہ حںا کو گرفتار کیا گیا تو اس نے بتایا کہ سارا سونا اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے اہلکار جمع کرکے لے گئے اور اسے گرفتار بھی نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں