رکن سندھ اسمبلی نصرت سحرعباسی کو کورونا ہوگیا

کراچی : گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے تعلق رکھنے والی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحرعباسی کو ویکسی نیشن کے باجود کورونا ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے کی رکن اسمبلی نصرت سحرعباسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا اس کے علاوہ نصرت سحرعباسی کی 2 بیٹیوں اور شوہر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے بتایا کہ ہم 5 فیملی میمبرز میں سے 4 نے سائنو فارم ویکسین کروائی جب کہ ایک بیٹی 18 سے کم عمر ہے جس کی وجہ سے اس کی ویکسی نیشن نہیں ہوئی۔

رکن سندھ اسمبلی کے مطابق ویکسین لگوانے کے باوجود خاندان کے 3 ویکسینیٹڈ افراد اور ایک چھوٹی بیٹی کو کورونا ہو گیا جس کی وجہ سے ایک ہفتہ ہو گیا اور ہم سب آئسولیٹ ہیں ، 4 روزسے بخار ہے اور جسم میں درد ہے، سب سے دعا کی درخواست ہے اور آپ سب سے احتیاط کی بھی اپیل ہے کیوں کہ اس کی تکلیف بہت زیادہ ہے۔

خیال رہے کہ کورونا کی چوتھی لہر نے ملک بھر کو اپنی لپیٹ میں لینا شروع کر دیا ہے ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 47 افراد جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد ملک میں کورونا سے مجموعی اموات 22 ہزار 689 ہوگئیں ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 2545 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ، جن میں سے ملک بھر میں 2 ہزار 336 کورونا مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں