sindh govt

کورونا کیسز بڑھنے لگے، سندھ حکومت نے نئی پابندیوں کا اعلان کردیا

کراچی : عالمی وباء کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں شدت آنے اور کیسز بڑھنے پر سندھ حکومت نے نئی پابندیوں کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبائی کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ،

جس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں پہلی سے آٹھویں کلاسز تک سرکاری اسکولز جمعہ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم نویں کلاس اور اس سے اوپر کے تعلیمی ادارے امتحانات کے بعد بند کیے جائیں گے ،

اس کے علاوہ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں انڈور ڈائننگ 15 جولائی سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ تفریحی پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے اور کینجھر جھیل کو بھی جمعہ 16جولائی سے بند کردیا جائے گا، اجلاس میں کراچی سمیت سندھ بھر میں سینما، انڈور جمز اور انڈور کھیل بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں نئے کیسز کی شرح 7.4 فیصد ہوگئی ہے ، اس وقت 837 کورونا مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ، کراچی شرقی میں 21 ، جنوبی میں 15 ، وسطی میں 12 اور کورنگی میں 8 فیصد کیسز ہیں ، مجموعی طور پر سندھ میں اس وقت یوکے ویرینٹ کے 92، ساوَتھ افریکہ کے 162، برازیلین 29 اوربھارتی ویرینٹ کے 66 کیسزسامنے آچکے ہیں ، اس کے علاوہ پی ون 3 اور وائلڈ ٹائپ کا بھی ایک کیسز ظاہر ہوا ہے۔

خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں کورونا کی بھارتی قسم کے 35 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے ، سندھ میں کورونا کی بھارتی قسم کے 35 کیسز سامنے آنے کی تصدیق پارلیمانی سیکریٹری صحت سندھ قاسم سومرو نے کی، انہوں نے بتایا کہ لیاری کے ایک خاندان کے 9 افراد بھی کورونا کی بھارتی قسم سے متاثر ہیں جن میں سے بھارتی ویرینٹ سے متاثر 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے اور اس وائرس سے متاثرہ افراد کو بچانا مشکل ہورہا ہے ،

پارلیمانی سیکریٹری صحت سندھ نے کہا کہ ویکسین کرانے والے 9 افراد میں دوبارہ کورونا سے متاثر ہونے کے کیسز بھی سامنے آئے ہیں تاہم انڈین ویرینٹ سے متاثرہ افراد کے رابطوں کی ٹریسنگ کا عمل جاری ہے جب کہ حکومت سندھ کو کورونا کی بھارتی قسم سے بچاؤ کی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں