sindh

جیکب آباد میں ڈاکو کو ہلاک کرنے پر پولیس اہلکار پر 8 لاکھ روپے جرمانہ عائد

جیکب آباد : جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں انعام یافتہ ڈاکو کو پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے پر جرگے نے اے ایس آئی پر جرمانہ عائد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی پابندی کے باوجود جیکب آباد میں غیرقانونی جرگہ ہوا۔ جرگہ بنگلانی قبیلے کے مقدم غلام رسول بنگلانی کی سرپنچی میں ہوا، جرگے کی جانب سے پولیس اہلکار سب انسپکٹر علی گل چولیانی پر ڈاکو کالی بنگلانی کی ہلاکت کا 8 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

جرگے نے پولیس اہلکار علی گل چولیانی کو جرمانے کی رقم ڈاکو کالی بنگلانی کے ورثا کو ادا کرنے کا فیصلہ سنایا۔ جرگے نے پولیس اہلکار کے جرمانے کے دو لاکھ روپے معاف جبکہ ایک لاکھ نقد ادا کرنے کی ہدایت کی جبکہ جرگے کی جانب سے بقیہ رقم تین اقساط میں ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

واضح رہے کہ 16 نومبر 2016ء کو جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے بی سیکشن تھانے کی حدود جونگل پولیس چوکی کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا تھا، پولیس مقابلے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار رفیق سومرو شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے اس مقابلے میں ڈاکو کالی بنگلانی بھی مارا گیا تھا۔

پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کالی بنگلانی مارا گیا جس کے سلسلے میں غیر قانونی جرگہ غلام رسول بنگلانی میں ہوا جہاں ابتدائی طور پر مجموعی جرمانے کے 2 لاکھ روپے معاف کردیے گئے جب کہ پولیس افسر نے ایک لاکھ روپے نقد جرمانہ ادا کیا اس کے علاوہ جرمانے کی بقیہ رقم 3 اقساط میں ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

دوسری طرف شہر قائد میں ایک پولیس اہل کار محکمے سے برطرفی کے بعد ڈاکو بن گیا تاہم ایک واردات کے دوران عبرت ناک انجام سے دوچار ہو گیا ، چند روز قبل کراچی کے علاقے سعود آباد میں ایک برطرف پولیس اہل کار اظہر کا قتل ہوا تھا، تاہم اس کیس کا معمہ حل ہوا تو معلوم ہوا کہ سابق پولیس اہل کار لوٹ مار کی واردات کے دوران ہلاک ہوا
۔
کراچی پولیس نے کہا ہے کہ ملزم اظہر ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک حاضر سروس پولیس اہل کار کی فائرنگ سے ہلاک ہوا تھا، اس واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ چکی ہے ، پولیس حکام نے تحقیقات مکمل کر لیں، فوٹیج میں ملزم کو واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے،

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اظہر نے پولیس اہل کار حیدر کو اے ٹی ایم پر لوٹنے کی کوشش کی تھی ، اہل کار حیدر نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی جس سے ملزم اظہر ہلاک ہو گیا۔ہلاک ملزم کا کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہے، سابق پولیس اہل کار اظہر سے برآمد ہونے والی موٹر سائیکل بھی چوری شدہ تھی، موٹر سائیکل لانڈھی کے علاقے سے چوری کی گئی تھی جس کا مقدمہ درج ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں