سندھ بھر میں رات 8 بجے کے بعد شہریوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی

کراچی : سندھ بھر میں شہریوں کے رات آٹھ بجے کے بعد گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کراچی سمیت صوبے بھر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومت سندھ کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے جس کے تحت صوبائی حکومت نے صوبے بھر میں 25 مئی کی رات 8 بجے کے بعد شہریوں کے گھروں سے غیر ضروری نکلنے پر پابندی عائد کردی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق آج سے صوبے بھر میں کاروبار کے اوقات صبح 5 بجے سے شام 6 بجے تک ہوں گے، ڈپارٹمنٹل اور سپر اسٹورز شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے تاہم بیکری اور دودھ کی دکانیں رات 12 بجے تک کھلی رہیں گی جب کہ جمعے اور اتوار کے دن کاروبار مکمل بند رہیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کل سے رات 8 بجے کے بعد لوگوں کو غیر ضروری گھومنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو گاڑیوں میں گھومنے والے افراد کو روکنے کی بھی ہدایت کی ہے، اگر کسی کو ضروری کام یا اسپتال جانا ہے تو اسے اجازت دی جائے گی۔

یہی نہیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس کو ہدایت بھی جاری کی ہے کہ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گاڑیوں میں گھومنے سے بھی روکا جائے۔ جب کہ پارکس کی لائٹس بھی مغرب کے بعد بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر عوام نے تعاون کیا تو 2 ہفتے میں کورونا کے کیسز کم ہوجائیں گے، جس کے بعد ہم کاروبار کھولنے کی طرف جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خود سرپرائز دورے کروں گا، اگر اوقات کی خلاف ورزی ہوئی تو کارروائی کروں گا، اگر ہم نے دو ہفتے پابندیوں پر مکمل عمل کیا تو آگے آسانی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں