کراچی:مون سون سیزن شروع ہونے سے پہلے تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں، ایڈمنسٹریٹر

کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ مون سون سیزن شروع ہونے سے پہلے تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں، کے ایم سی کے پاس موجود ڈی واٹرنگ پمپس تیار حالت میں رکھے جائیں اور مزید پمپس کی ضرورت ہو تو فوری خریداری کر لی جائے، اس سال مون سون سیزن کے لئے پورے کراچی میں بھر پور انتظامات کئے جائیں گے،

یہ بات انہوں نے محکمہ انجینئرنگ، میونسپل سروسز،محکمہ لینڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں ڈائریکٹر جنرل ورکس شبیہ الحسن زیدی، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خالد خان تمام اضلاع کے چیف انجینئرز، ایکسئین اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی،

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ اس مرتبہ برساتی پانی کی نکاسی اور دیگر امور کی تمام تر ذمہ داری محکمہ انجینئرنگ کے سپرد کی گئی ہے جبکہ دیگر متعلقہ افسران اور ملازمین ان کے تحت کام کریں گے، محکمہ انجینئرنگ کو اس کی ضرورت کے مطابق اضافی عملہ اور وسائل بھی فراہم کئے جائیں گے، بارش کے دوران ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سمیت تمام افسران و ملازمین سڑکوں پر شہریوں کی مدد کے لئے موجود ہونگے، ہر ممکن کوشش ہوگی کہ نکاسی آب کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے اور جہاں بھی پانی کھڑا ہو اسے محفوظ طریقے سے نکال دیاجائے،

انہوں نے ہدایت کی کہ 11 انڈر پاسز اور کے ایم سی کے زیر انتظام 106 سڑکوں پر برساتی پانی کی نکاسی کے لئے ابھی سے منصوبہ بندی کرلی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بر وقت اور احسن طور پر نمٹا جاسکے، انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران ایمرجنسی صورتحال میں ڈی واٹرنگ پمپس کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے لئے ٹرکس اور دیگر گاڑیوں کا بھی قبل از وقت انتظام رکھا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ جن جگہوں پر پانی زیادہ جمع ہونے کے پوائنٹس ہیں ایسے نشیبی علاقوں پر خاص نظر رکھی جائے اور اس حوالے سے ماضی کے تجربات کی روشنی میں انتظامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے محفوظ رکھا جاسکے،

اپنا تبصرہ بھیجیں